سندھ کو تین قدرتی خطوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے: کوہستان، ریگستان اور سیلابی خطہ۔
سندھ کا نام دریائے سندھ سے اُخذ کیا گیا ہے۔ سنسکرت میں لفظ سندھو کا مطلب سمندر یا پانی کا وسیع ذخیرہ ہے اور خاص طور پر دریائے سندھ کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ دریا کے نام سےاس علاقے کا نام رکھنا سب سے زیادہ مناسب ہے، کیونکہ زور آور دریائے سندھ کے بغیر ، سندھ ایک بنجر ریگستان ہوتا۔ آج سندھ کو تین قدرتی خطوں کوہستان(پہاڑوں کی زمین)، ریگستان (ریت کی زمین)، اور سیلابی خطوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
کوہستان سے مراد مغرب میں واقع پہاڑی علاقے ہیں جو سندھ اور بلوچستان کے درمیان قدرتی رکاوٹ کا کام کرتے ہیں۔یہ علاقہ مشرق میں دریائے سندھ کی جانب اور جنوب میں بحیرہ عرب کی جانب پھیلتا ہے۔ کوہستان خطہ کیر تھر پہاڑوں اور متعدد چھوٹے پہاڑی سلسلوں، جن میں کمبوہ، ڈمبر، بھٹ، دھبرا اور لاکھی پہاڑیاں شامل ہیں، پر مشتمل ہے۔ کچھ حصوں میں کیرتھر پہاڑ سطح سمندر سے 2100 میٹر کی بلندی تک پہنچ جاتے ہیں۔ان پہاڑوں کےدامن میں اور مشرق کی جانب بڑھتے ہوئے سلسلہ کوہ کے دامن میں واقع میدانی علاقے ہیں۔ سلسلہ کوہ کے دامن میں واقع میدانی علاقے پہاڑوں سےنیچے بہنے والے دریاؤں کے جمع ہونے سے قائم ہوئے ہیں۔ ان میدانوں کی مٹی زراعت کے لیے اچھی ہے، لیکن بارش کی کمی کی وجہ سےتقریباً پورا خطہ سبزے سے خالی ہے۔
ریگستان سے مراد سندھ کے مشرقی سرے پر واقع ریت کے بگولوں سے وجود میں آئے میدان، ناہموار پہاڑی علاقے اور ٹیلے ہیں۔ یہ علاقہ صحرائے تھر کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس کی اوسط چوڑائی اڑتالیس سے اسی کلو میٹر ہے۔ مشرقی نارا کینال اس خطے اور سیلابی خطے کے درمیان رَف باؤنڈری کا کام کرتی ہے۔ صحرائے تھر سے بالکل اوپر پنجاب کا صحرائے چولستان موجود ہے اور دونوں مل کر زیادہ بڑا صحرائے تھر تشکیل دینے کے لیے مشرق میں بھارتی ریاستوں راجستھان اور گجرات میں پھیل جاتے ہیں، صحرائے تھر جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا صحرا ہے(تقریباً 200,000 مربع کلومیٹر علاقہ)۔ پاکستان کے علاقے میں تقریباً 50,000 مربع کلو میٹر سندھ کے اضلاع تھرپارکر، میر پور خاص، سانگھڑ، خیر پور، سکھر اور گھوٹکی اور تقریباً 25,000 مربع کلومیٹر صوبہ پنجاب میں آتا ہے۔ صحرائے تھر کو کسی بھی مستقل ندی سے ڈرین نہیں کیا جاتا اور اس طرح یہ زراعت کے لیے مناسب نہیں ہے۔
سیلابی خطہ کوہستان اور ریگستان کے درمیان واقع ہے اور ضلع کشمور سے شمال میں بحیرہ عرب کی جانب پھیلتا ہے۔ یہ علاقہ دریائے سندھ پر مشتمل ہے اور اس کی اوسط چوڑائی سولہ سے بتیس کلو میٹرہے، یہ دریا کے دونوں اطراف میں بیرونی جانب پھیلا ہوا ہے۔ یہ خطہ بہت زرخیز اور زراعت کے لیے بہت مناسب ہے۔ سیلابی قطعہ تین موسمی خطوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔بالائی خطے سائرو کا مرکز جیکب آباد ہے، درمیانی خطے ویکوہلو کا مرکز حیدر آباد ہے اور زیریں خطے لار کا مرکز کراچی ہے۔ انڈس ڈیلٹا اس خطے کے جنوب میں واقع ہے اور مسلسل بڑھ رہا ہے اور اپنی سمت تبدیل کر رہا ہے ۔
Khan, Fazle Karim. Pakistan: Geography, Economy and People. Oxford: Oxford UP, 2006. Print.
Pithawalla, Maneck B. A Physical and Economic Geography of Sind. Hyderabad: Sindhi Adabi Board, 1979.