A Project of
SAHE-logo-high brown cqe-logo final

Humshehri: Thinking Pakistan's History

Thinking Pakistan's History

خیبر پختونخواہ کے خطے (Khyber Pakhtunkhwa Regions)

English Version

خیبر پختونخواہ شمال میں پہاڑی علاقوں اور جنوب میں ٹرانس –انڈس میدان اور چھوٹے پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے۔

Last Updated: 27 Jan. 2014

(Introduction) تعارف

خیبر پختونخواہ کو دو قدرتی جغرافیائی خطوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے: شمال میں پہاڑی علاقے، اور جنوب میں ٹرانس –انڈس میدان اور چھوٹے پہاڑی سلسلے۔ پہاڑی علاقے ہندوکش کے پہاڑوں، ہمالیہ کے پہاڑوں، اور دیر، سوات اور کوہستان کے سلسلوں پر مشتمل ہیں۔ ٹرانس –انڈس میدان پہاڑوں کے درمیان واقع وادیوں کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، اور پشاور، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کی وادیوں پر مشتمل ہیں۔یہ وادیاں تین اطراف سے ٹیلوں اور پہاڑوں سے گھِری ہوئی ہیں لیکن مشرق میں دریائے سندھ کی جانب کھلی ہوئی ہیں۔دریائے کابل پہاڑی علاقوں اور ٹرانس –انڈس میدانوں کے درمیان ایک رَف باؤنڈری سمجھا جاتا ہے۔

Region Map KPK physical map
(Columbia University)

(Mountainous areas) پہاڑی علاقے

خیبر پختونخواہ کے شمالی علاقے زیادہ تر پہاڑی ہیں۔ہندو کش سلسلہ شمال میں گلگت بلتستان سے شروع ہوتا ہے اور مغرب میں خیبر پختونخواہ کے ضلع چترال میں داخل ہو جاتا ہے اور افغانستان میں جاری رہتا ہے۔ جنوب میں ہندو کش پہاڑ، دریائے سندھ کے معاون دریا، دریائے غِزر سے تقریباً گھِرے ہوئے ہیں۔ضلع چترال میں واقع ٹرچ میر 7690 میٹر کی بلندی کے ساتھ پاکستان میں ہندو کش کا سب سے اُونچا پہاڑ ہے۔

ہندو کش کے جنوب میں تین تقریباً متوازی سلسلے موجودہیں:کوہستان، سوات اور دیر کے سلسلے۔تینوں سلسلے شمال جنوبی سمت میں بڑھتے ہیں اور دریاؤں کے ذریعے ایک دوسرے سے الگ ہوتے ہیں۔ انتہائی مشرقی سلسلہ کوہستان سلسلہ ہے جو کہ مشرق سے دریائے سندھ اور مغرب میں دریائے سوات سے گھِرا ہوا ہے۔ درمیان میں سوات پہاڑی سلسلہ واقع ہے جو مشرق سے دریائے سوات اور مغرب سے دریائے پنجکوڑہ سے گھِرا ہوا ہے۔ مغربی سلسلہ دیر سلسلہ ہے جو کہ مشرق سے دریائے پنجکوڑہ اور مغرب سے دریائے کنڑ سے گھِرا ہو اہے۔ شمال سے جنوب کی جانب بڑھتے ہوئے ان سلسلوں کی اونچائی بہت مختلف ہے۔ شمال میں ان کی اونچائی پانچ ہزار سے چھے ہزار میٹر تک پہنچ سکتی ہے اور جنوب میں ان کی بلندی کم ہوتےہوتے دو سو میٹر تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ یہ تین تقریباً متوازی سلسلے زیادہ تر مالاکنڈ ڈویژن، مردان ڈویژن اور ضلع کوہستان میں پائے جاتے ہیں۔

ہمالیہ پہاڑوں کا ایک حصہ خیبر پختونخواہ میں بھی پایا جاتا ہے۔ عام طور پر ہمالیہ کو تین تقریباً متوازی سلسلوں میں تقسیم کیا جاتا ہے: عظیم یا بلند ہمالیہ، وسطی ہمالیہ اور ذیلی ہمالیہ۔ صوبہ خیبر پختونخواہ میں عظیم ہمالیہ ضلع کوہستان میں اور ضلع مانسہرہ کے مشرقی سِرے پر پایا جاتا ہے جبکہ وسطی ہمالیہ بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کےاضلاع میں پایا جاتا ہے۔ ذیلی ہمالیہ پاکستان میں موجود ہے لیکن خیبر پختونخواہ صوبے میں نہیں پایا جاتا۔

(Trans-Indus plains) ٹرانس –انڈس میدان

خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں سے بالکل نیچے ٹرانس –انڈس میدان، جو کہ پہاڑوں کے درمیان واقع وادیوں کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، اور متعدد چھوٹے پہاڑی سلسلے پائے جاتے ہیں۔ خیبر پختونخواہ کے مغرب اور دریائے خیبر کے نیچے واقع وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) سفید کوہ سلسلہ اور وزیرستان کی پہاڑیوں پر مشتمل ہیں، یہ دونوں سلسلے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حد باندھتے ہیں۔ سفید کوہ اور وزیرستان پہاڑیاں مشرق سے مغرب کی جانب بڑھتی ہیں اور ان کی شاخیں خیبر پختونخواہ کے مختلف حصوں میں پائی جا سکتی ہیں اور پہاڑوں کے درمیان واقع وادیوں کو گھیرے میں لینے میں مدد کرتی ہیں۔

سفید کوہ کا مطلب سفید پہاڑ ہے کیونکہ یہ پہاڑ اکثر برف سے ڈھکے رہتے ہیں۔ یہ سلسلہ دریائے کابل اور درہ کرم کے درمیان واقع ہے۔ مشرق میں ، یہ پہاڑ خیبر پختونخواہ کی کوہاٹ پہاڑیوں میں ضم ہو جاتے ہیں۔ درہ خیبر اس سلسلے میں موجود سب سے اہم درہ ہے اور یہ دریائے کابل کے مغرب میں واقع ہے۔ یہ درہ کابل کو وادئ پشاور سے جوڑتا ہے جو کہ خیبر پختونخواہ کی پہاڑوں کے درمیان واقع وادیوں میں سے سب سے بڑی اور شمالی سمت میں واقع وادی ہے۔ اس میں نکاسی آب کابل اور سوات دریاؤں کے ذریعے ہوتا ہے اور یہ تین سو میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہ شمال اور شمال مغربی سمت سے خیبر پہاڑیوں، جنوب میں اٹک-چیرات پہاڑیوں اور شمال اور شمال مشرقی سمت سے سوات پہاڑی سلسلے سے گھِری ہوئی ہے۔ وادئ پشاور ، پشاور ڈویژن میں واقع ہے۔

درہ کرم بھی سفید کوہ سلسلے میں واقع ہے اور کوہاٹ کی پہاڑوں کے درمیان موجود وادی اس کے مشرقی سرے پر واقع ہے۔ وادئ کوہاٹ ان وادیوں میں سب سے چھوٹی اور سب سے اونچائی پر واقع وادی ہے اور یہ کوہاٹ ڈویژن میں واقع ہے۔ اس کا نکاسیِ آب دریائے کوہاٹ کے ذریعے ہوتا ہے اور یہ چار سو ساٹھ میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ شمال میں جوواکی سلسلہ اسے وادئ پشاور سے الگ کرتا ہے۔

وزیرستان کی پہاڑیاں سفید کوہ اور دریائے گومل کے درمیان واقع ہیں۔ دریائے کرم اور دریائے ٹوچی ان پہاڑیوں سے گزرتے ہیں۔ درہ ٹوچی ان پہاڑیوں میں واقع ہے اور افغانستان میں موجود غزنی کو خیبر پختونخواہ میں موجود وادئ بنوں سے ملاتا ہے۔ ایک سو پچاس میٹر کی بلندی پر واقع وادئ بنوں ٹوچی اور کرم دریاؤ ں کا نشیبی بیسن ہے اور بنوں ڈویژن میں واقع ہے۔ بنوں کے جنوب میں ڈیرہ اسماعیل خان کی وادی ہے۔ مروت اور بھٹانی پہاڑیوں کے درمیان موجود پیزو گیپ (Pezu Gap) ان دو وادیوں کو ملاتا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان ایک وسیع بنجر میدان ہے جس کا نکاسیِ آب دریائے گومل کے ذریعے ہوتا ہے اور یہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں واقع ہے۔ درہ گومل اس وادی کو افغانستان سے جوڑتا ہے۔

Find out more

Books & Articles

Khalid, Nazir A. Geography of Pakistan. Lahore: Career, 2003.

Khan, Fazle K. Pakistan: Geography, Economy and People. Oxford: Oxford UP, 2006.

Meyer, William S., et al. Imperial Gazetteer of India. Vol. 19. Oxford: Clarendon, 1908-1931. Digital South Asia Library. University of Chicago.

Cobtribute
p5