بلوچستان چار بڑے جغرافیائی خطوں پر مشتمل ہے: بالائی سطح مرتفع، زیریں سطح مرتفع، میدانی علاقے، اور ریگستان۔
بلوچستان زیادہ تر ایک ناہموار علاقے والی بنجر زمین ہے۔ یہ بلوچستان سطح مرتفع پر مشتمل ہے ، مشرق میں سلیمان اور کیر تھر پہاڑ اسے دریائے سندھ کے میدانی علاقوں سے تقسیم کرتے ہیں۔ سطح مرتفع کی اوسط اونچائی 610 میٹر سے زیادہ ہے، اور ایک چھوٹے سے حصے کے علاوہ، یہ علاقہ زیادہ تر پہاڑوں اور ٹیلوں پر مشتمل ہے، جو دریاؤں اور بیسن کے درمیان بکھرا ہوا ہے۔ بلوچستان کے دو سب سے اہم بیسن لورالائی-ژوب بیسن اور کوئٹہ بیسن ہے۔ آب و ہوا تیزی سے بدلتا ہے، یہ گرمیوں میں سخت گرم اور سردیوں میں سخت ٹھنڈا ہوتا ہے، اور اوسط بارش بہت کم ہے۔
بلوچستان میں پہاڑوں کی مجموعی ترتیب S کے مشابہ ہے۔ مشرقی سرحد میں، سلیمان سلسلہ شمال جنوبی سمت میں تقریباً 450 کلو میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ جنوب سے شروع ہو کر شمال کی جانب بڑھتے ہوئے اس کی اونچائی بڑھ جاتی ہے اور اس کے بعدیہ ٹوبہ کاکڑ سلسلے سے ملنے کے لیے مغرب کی جانب دریائے ژوب کے ساتھ مڑ جاتا ہے ۔ ٹوبہ کاکڑ سلسلہ جنوب مغربی سمت میں سفر جاری رکھتے ہوئے، کوئٹہ کے قریب وسطی براہوی سلسلےسے جا ملتا ہے۔ شمال سے شروع ہو کر جنوب کی جانب بڑھتے ہوئے، سلیمان پہاڑوں کی اونچائی کم ہوتی جاتی ہے یہاں تک کہ وہ مری بگٹی پہاڑیوں سے جا ملتے ہیں۔ مری بگٹی پہاڑیاں صرف سلیمان پہاڑوں کا ایک تسلسل ہیں، اور ان کی سمت کوئٹہ کی جانب شمال مغربی ہے۔ کوئٹہ کے جنوب میں وہ وسطی براہوی سلسلےمیں شامل ہو جاتی ہیں۔ وسطی براہوی سلسلہ شمال جنوبی سمت میں سفر کرتا ہے۔
ٹوبہ کاکڑ سلسلہ اور مری بگٹی پہاڑیوں کے ساتھ شامل ہونے کے بعد، وسطی براہوی مغرب کی جانب °66 درجے طول بلد مشرقی تک سفر کرتا ہے جہاں پہاڑوں کا مجموعی رُخ دوبارہ مغرب کی جانب مڑ جاتا ہے۔ وسطی براہوی کے جنوب میں کیرتھر اور پب کے پہاڑی سلسلے واقع ہیں؛ وسطی براہوی کے جنوب مغرب میں چار تقریباً متوازی سلسلے ہیں: مکران کوسٹ سلسلہ، وسطی مکران سلسلہ، سیاہان سلسلہ ، اور راہ کوس۔ چاغی پہاڑیاں وسطی براہوی کے مغرب میں واقع ہیں۔
بلوچستان کو چار قدرتی خطوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے: بالائی سطح مرتفع، زیریں سطح مرتفع، میدانی علاقے اور ریگستان۔
مقامی طور پر خراسان کے نام سے جانا جانے والا بالائی سطح مرتفع °28 اور °31 درجے عرض بلد شمالی میں واقع ہے۔ سلیمان سلسلہ مشرقی سرحد بناتا ہے جبکہ ٹوبہ کاکڑ سلسلہ اس خطے کی مغربی سرحد بناتا ہے۔ دوسرے پہاڑی سلسلے جیسا کہ وسطی براہوی، مردار، زرغون، ٹکاٹو، چلتن اور خواجہ آمران بھی بالائی سطح مرتفع بناتے ہیں۔ بالائی سطح مرتفع تقریباً 3,700 کی بلندی تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ وادیاں سطح سمندر سے 1500 میٹر کی بلندی پر واقع ہیں۔ ژوب اور سبی ڈویژن کے حصے، اور قلعہ سیف اللہ، پشین، کوئٹہ، قلات اور مستونگ کے اضلاع بالائی سطح مرتفع میں واقع ہیں۔
زیریں سطح مرتفع میں سلیمان سلسلے کی مشرقی ڈھلوانیں، پب اور کیرتھر کے جنوبی سلسلے، مکران کوسٹ، وسطی مکران، سیاہان سلسلہ، راہ کوس اور چاغی پہاڑیوں کے مغربی سلسلے شامل ہیں۔ زیریں سطح مرتفع کی اونچائی 600 سے لیکر 1200 میٹر تک ہو سکتی ہے۔ یہ بنیادی طور پر ضلع خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور اور کیچ میں واقع ہے۔ یہ گوادر، خاران، واشک اور چاغی کے اضلاع کی سرحد پر بھی واقع ہے۔
بلوچستان کے میدانوں میں کچی اور لسبیلہ کے میدانی علاقے اور دریائے دشت کی وادی شامل ہے۔ تینوں علاقے تکونی شکل کے ہموار میدان ہیں جو آہستہ آہستہ قریبی پہاڑوں میں ضم ہو جاتے ہیں۔ کچی کا میدان نصیر آباد ڈویژن اور ضلع ڈیرہ بگٹی کے جنوبی حصے میں واقع ہے۔ لسبیلہ کا میدان ضلع لسبیلہ میں بلوچستان کے مشرقی ساحل پر واقع ہے۔ یہ ایک سیلابی میدان ہےجو دریائے پورالی اور اس کے معاون دریاؤں سے وجود میں آیا۔ دریائے دشت کی وادی ضلع گوادر میں دریائے دشت کے ساتھ ساتھ واقع ہے۔
چاغی، خاران اور واشک کے اضلاع بلوچستان کے خشک علاقے مانے جاتے ہیں۔ خاران اور واشک کے اضلاع صحرائے خاران میں واقع ہیں۔ شمال میں راہ کوس سلسلہ اور جنوب میں سیاہان سلسلے سے گھِرا ہوا، صحرائے خاران مغرب کی جانب 20,000 مربع کلو میٹر تک پھیلا ہوا ہے اور آخر میں ایرانی صحرا کے مشرق میں ضم ہو جاتا ہے۔ یہ نسبتاً ہموار علاقے والی ریتیلی خصوصیات والی زمین ہے، اور یہاں بہت کم سبزہ بھی پایا جاتا ہے۔
صحرائے چاغی ضلع چاغی میں واقع ہے اور چاغی شہر سے باہر 500 کلو میٹر شمال مغرب تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ ریت کے ٹیلوں اور چھوٹے پتھروں سے ڈھکا ہوا ہے اور چھوٹے پہاڑی سلسلوں کے ساتھ آگے بڑھا ہوا ہے۔ مغرب میں، ایران اور پاکستان کی سرحد پر یہ دشتِ تہلاب کے نام سے جانا جاتا ہے، وسط مئی سے وسط ستمبر تک یہ علاقہ شمال مغرب سے آنے والی ہوا کا سامنا کرتا ہے جو کہ دن رات چلتی ہے اور بادِ سعد و بسط روز یا ایک سو بیس دنوں کی ہوا کے نام سے جانی جاتی ہے۔ صحرائے چاغی اکثر عرب کی اعلیٰ شخصیات کے لیے شکار کے علاقے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ سونا، چاندی اور تانبا اس علاقے سے نکالا جا رہا ہے۔
چاغی، خاران اور واشک کے اضلاع مون سون پٹی سے باہر ہیں اور بارش کی کمی کا شکار ہیں، یہاں سالانہ بارش بمشکل 5.08 سے 12.7 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے۔ مٹی کی سطح کا کٹاؤ ایک مسلسل رہنے والا مسئلہ ہے۔ غربت اور ماحولیاتی آلودگی اس علاقے کے لوگوں کو درپیش اہم مسائل ہیں۔
صحرائے مکران بلوچستان کے ساحل کے ساتھ واقع ہے(مکران کوسٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) اور مکران سلسلے کی جانب سے تجاوز کرتا ہے۔ یہ ایک سخت اور بنجر زمین ہے جو کہ پورا سال گرم رہتی ہے۔ سائرس اور سکندرِ اعظم نے اپنی فوج کے ساتھ اس صحرا کو پار کیا جس کے نتائج تباہ کُن تھے۔ یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ جب سکندر کی فوج اس سفر سے واپس پہنچی تو اس کی فوج کا صرف چوتھا حصہ ہی زندہ بچ سکا تھا۔
Khan, Nisar A. "Deserts in Pakistan." Pakistan Geographic.
"Bugti Hills." Encyclopedia Britannica Online. Encyclopedia Britannica.
"Central Brahui Range." Encyclopedia Britannica Online. Encyclopedia Britannica.
"Sulaiman Range." Encyclopedia Britannica Online. Encyclopedia Britannica, 29 Mar. 2012.
"The Makran, Pakistan." Lonely Planet.