بلوچستان میں زراعت اور مال مویشی پالنا آمدنی کے اہم ذرائع ہیں۔قدرتی وسائل نکالنے کا عمل بھی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
بلوچستان اقتصادی اور معاشی ترقی کے لحاظ سے پاکستان کے دوسرے صوبوں سے پیچھے ہے۔ 1972ء سے 2005ء تک بلوچستان کی معیشت میں 2.7 گنا اضافہ ہوا ہے، جو کہ ایک ہی وقت میں دوسرے صوبوں میں ہوئی طویل مدتی ترقی کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔ گزشتہ پندرہ سالوں میں، پاکستان کی GDP میں اس کا حصہ 4 فیصد کے قریب رہا ہے۔
پنجاب اور سندھ کی طرح، بلوچستان بھی زراعت پر انحصار کرتا ہے۔ لیکن اس کے ہمسایہ صوبوں کے برعکس بلوچستان پانی کی دائمی کمی اور مسلسل خشک سالی کی شکار ایک خشک اور بنجر زمین ہے۔ ان عوامل کی وجہ سے، بلوچستان میں زراعت اعلیٰ قدر والی تیار شدہ مصنوعات پر مرکوز ہے۔ باغبانی بنیادی طور پر زیادہ اونچائی والے شمالی علاقوں میں پائی جاتی ہے، جبکہ میدانی فصلیں سیرابی شمال مشرق میں سندھ طاس کے قریب کاشت کی جاتی ہیں۔
صوبے میں مال مویشی پالنا ایک اہم پیشہ ہے، 73 فیصد آبادی زریعہ معاش کے لیے اس پر انحصار کرتی ہے۔ 2010ء میں بلوچستان کے کُل GDP میں اس کا حصہ 8 فیصد تھا۔ اگرچہ بلوچستان کی 93 فیصد زمین مویشی چرانے کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے، لیکن زیادہ مویشی چرانا، پانی کی کمی، اور خشک سالی کی وجہ سے چراگاہوں کو نقصان پہنچا ہے۔ فی الحال صرف 33 فیصد زمین مناسب پیداواری چراگاہ سمجھی جا سکتی ہے۔ مال مویشی پالنا زیادہ تر وسطی اور مغربی اضلاع میں پایا جاتا ہے اور ماہی گیری ساحلی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔
بڑے پیمانے پر کاروباری ادارے اور صنعتکاری بلوچستان میں کم ہے۔ اس صوبے کی آبادی اور جغرافیہ چھوٹے پیمانے کے کاروباری اداروں کے لیے سازگار ہے جو کہ محدود کاروباری مواقع فراہم کرتے ہیں۔ 2003ء میں بلوچستان میں صرف 62,000 کاروباری ادارے رجسٹرڈ تھے۔ اس کے علاوہ، بلوچستان میں تمام کاروباری اداروں کا تقریباً 66 سے 75 فیصد تھوک اور ریٹیل تجارت پر مشتمل ہے۔ ایسا کاروبار فروخت اور روزگار کے بہت کم مواقع پیدا کرتا ہے، اور کمیونٹی اس سے بہت کم یا کوئی بھی فائدہ حاصل نہیں کرتی ہے۔ کراچی سے آگے حب کے علاقے میں چند صنعتی کلسٹرز موجود ہیں۔
بلوچستان کثیر معدنیات اور پٹرولیم کے ذخائر کا علاقہ ہے، جس میں تمام سے فائدہ حاصل نہیں کیا گیا۔ عالمی بینک کی 2008ء کی ایک رپورٹ کے مطابق 2006ء میں کُل ملازمت پیشہ افراد میں سے 0.23 فیصد افراد کے اس شعبے میں کام کرنے کے ساتھ، بلوچستان کا پاکستان کی کان کُنی سے حاصل ہونے والی GDP میں پانچواں حصہ تھا۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ بلوچستان سے 39 معدنیات کھود کر نکالی گئیں جو سالانہ 3.4ارب آمدنی پیدا کر رہی تھیں۔
بلوچستان میں قدرتی گیس او ر کوئلہ سب سے زیادہ نکالے جانے والے معدنی ذخائر ہیں اور پاکستان میں بڑے پیمانے پر استعمال کیے جاتے ہیں۔ 1995ء میں بلوچستان پاکستان کی قدرتی گیس کی کُل پیداوار میں تقریباً 56 فیصد ادا کر رہا تھا، لیکن 2007ء تک اس کا حصہ 22.7 فیصد تک گر گیا، اور اسی سال یہ ملک کی کُل پیداوار کا صرف 5.81 فیصد خرچ کر رہا تھا۔ فی الحال، سندھ کے بعد بلوچستان پاکستان میں سب سے زیادہ گیس فراہم کر رہا ہے، لیکن اپنی پیداوار کے مقابلے میں بہت کم استعمال کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ، صوبائی حکومت کو دوسرے صوبوں کے مقابلے میں کم قہمت پر فروخت کرنے پر مجبور کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بلوچ قوم پرستوں اور وفاقی حکومت کے مابین تنازعہ قائم ہے۔
بلوچستان میں کوئلے کے کُل ذخائر 459ملین ٹن کے قریب ہیں اور ملک میں کوئلے کی کُل پیداوار کا 50 فیصد سے زیادہ مہیا کر رہا ہے۔ یورینیم اور اس کے علاوہ تانبے، سونے، چاندی اور پلاٹینم جیسی قیمتی دھاتیں بھی موجود ہیں۔
Balochistan Economic Report. Rep. Islamabad: World Bank, 2008.
Ministry of Petroleum and Natural Resources, Pakistan: Publications