لیاقت علی خان، پاکستان کے پہلے وزیراعظم، پاکستان کے آئین کی بنیاد رکھنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
پاکستان کے قیام کے بعد، جناح پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے جبکہ لیاقت علی خان، مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل، پہلے وزیراعظم بنے۔ 1895ء میں پیدا ہوئے لیاقت علی خان، جناح کی طرح ایک بیرسٹر بن گئے، اور اپنے طالب علمی کے دنوں میں بھی سیاست میں سرگرم تھے۔ ان کی دوسری بیوی، بیگم راعنا، ماہرِ تعلیم اور اقتصادیات تھیں جنہوں نے تحریکِ پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔
اس مدت کے دوران، لیاقت علی خان نے تعلیم کے میدان میں اہم پیش رفت کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے تعلیمی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دیا۔ معاشیات کے میدان میں انہوں نے پانچ سالہ منصوبے پیش کئے، جو کہ سویت یونین سے متاثر ہو کر بنائے گئے تھے۔ تاہم، منصوبےکامیابی کے ساتھ لاگو نہیں کئے گئے اور اس کی بجائے پاکستان نے امریکی امداد پر بہت زیادہ انحصار کرنا شروع کر دیا۔
لیاقت علی خان کے زیرِ قیادت، 1949ء میں قراردادِ مقاصد منظور کی گئی، جس نے پاکستان کے پہلے آئین کی بنیاد رکھی۔ قرارداد 1949ء میں آئین ساز اسمبلی میں پیش کی گئی ، جہاں اس پر پانچ دنوں تک بحث کی جاتی رہی۔ قرارداد کی سب سے اہم خصوصیت یہ تھی کہ اس نے واضح کیا کہ ریاست کو اختیار عوام کے ذریعے سونپا جائے گا۔ تاہم اس تجویز نے مذہبی اقلیتوں کے بہت سے ارکان کے ساتھ ساتھ مسلمان ارکان کو بھی پریشان کر دیا، جنہوں نے محسوس کیا کہ یہ قرارداد سیاست کو مذہب کے ساتھ جوڑ رہی ہے۔قومی اسمبلی کے ارکان، جیسا کہ چندر منڈال، نے جناح کی تقریر کے حوالے سے کہا کہ ریاست کا عقیدے کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہو گا اور پاکستان صرف ایک مسلم اکثریت والی جمہوری ریاست تھی۔ لیاقت علی خان کی جانب سے کئی یقین دہانیوں کے بعد کہ اقلیتوں کے بنیادی حقوق کا ہمیشہ احترام کیا جائے گا، قراردادِ مقاصد 12 مارچ 1949ء کو منظور کر لی گئی۔
1949ء میں، لیاقت علی خان کو سویت یونین کی جانب سے دورے کے لیے مدعو کیا گیا، جس پر انہوں نے انکار کر دیا۔ اس انکار نے پاکستان کی بائیں بازو کی جماعتوں میں ان کے دشمن پیدا کئے۔ انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر بھی بھارت کے ساتھ سفارتی حل طلب کیا، جس سے وہ پاکستان آرمی میں چند دوست بنانے میں کامیاب رہے۔ 1951ء میں، حکومت کا تختہ الٹانے کی منصوبہ بندی افشا ہوئی، جو کہ میجر جنرل اکبر خان اور بائیں بازو کے سیاستدانوں کی زیرِ قیادت کی جا رہی تھی۔ یہ راوالپنڈی سازش کیس کے نام سے جانی گئی۔
اکتوبر 1951ء میں، لیاقت علی خان کو ایک افغانی شہری اور پیشہ وارانہ قاتل، سعد اکبر ببرک، نے قتل کر دیا۔ انہیں کمپنی باغ میں ایک عوامی جلسے کے دوران سینے میں دو گولیاں ماری گئیں۔ قاتل کو پولیس کی جانب سے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا، اس طرح قتل کے پیچھے چھپے اسباب کبھی سامنےنہ آ سکے۔
Bajwa, Farooq N. "The Basic Principles Committee and the Objectives Resolution." Pakistan: A Historical and Contemporary Look. Revised ed. Karachi: Oxford UP, 2002.
Cohen, Stephen P. “The State of Pakistan.” The Idea of Pakistan.Washington DC: The Brookings Institution Press, 2004.
"Liaquat Ali Khan."Pakistan Herald. 1 July 2014.