ایسٹ انڈیا کمپنی کے بحری جہاز 1608 ءمیں پہلی بار برصغیر پہنچے اور اس طرح بھارت میں برطانوی سلطنت کے قیام کو راستہ ملا۔
1600ء میں ملکہ ایلزبتھ (اوّل) نے برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کو ایک اختیاربخشا، جس نے کمپنی کو جنوبی مشرقی ایشیاء اور افریقہ کے ساتھ تمام تجارت پر اجارہ داری دی۔ 1608ء میں شہنشاہ جہانگیر کے دورِ حکومت میں اس کے پہلے بحری جہاز برصغیر میں سورت کے مقام پر پہنچے۔برطانوی کئی سال تک اجازت کے منتظر رہے لیکن جہانگیر نے انہیں پرتگالیوں کے خوف سے تجارت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ دو اہم واقعات، سورت کے قریب برطانیہ کی جانب سے پرتگالیوں کے جہاز کی شکست اور پرتگالیوں کی جہانگیر کی ماں سے تعلق رکھنے والے بحری جہاز پر قزاقی نے توازن کو برطانیہ کے حق میں کر دیا۔ اس طرح 1615ء میں برطانیہ کو تجارتی چوکیاں قائم کرنے کا حق مل گیا اور اس کے بدلے میں انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ پرتگالیوں سے مغل بحری جہازوں کی حفاظت کریں گے۔
آہستہ آہستہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے برصغیر میں اس تجارتی عمل کو وسعت دی۔ 1615ء سورت اور پھر 1639ء میں مدراس کے مقام پرتجارتی چوکیاں قائم کیں ۔ ایسٹ انڈیا کمپنی نے 1674ء میں ممبئی میں کمپنی کا ہیڈ کوارٹر قائم کیااور 1690ء میں کلکتہ شہر کی بنیاد رکھی۔ 1691ءمیں جب اورنگزیب کو کمپنی کی جانب سے ٹیکس سے گریز کا شبہ ہوا تو کمپنی کو تجارت برقرار رکھنے کے لیے بھاری جُرمانہ ادا کرنا پڑا۔ 1740ء میں برطانوی آمدنی کا 10 فیصد حصہ برصغیر سے حاصل ہونے لگا۔
کمپنی کی تجارت زیادہ تر کپاس، ریشم اور مصالحی جات پر مشتمل تھی۔ بھارتی کپاس اپنے اُجلے رنگوں کے لیے خاص طور پر مشہور تھی اور برطانیہ کی اُس وقت کی کسی بھی پیداوار سے زیادہ بہتر سمجھی جاتی تھی۔ پرنٹڈ کاٹن کے ڈیزائن بھی برطانوی ذوق کے مطابق تیار کیے جاتے تھے۔ بہت تیزی سے ٹیکسٹائل نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی تجارت پر غلبہ حاصل کر لیا۔
جیسے جیسے ایسٹ انڈیا کمپنی دولت حاصل کرتی گئی، یہ آہستہ آہستہ ایک تجارتی مہم سے ایک حکومتی مہم میں تبدیل ہوتی چلی گئی۔ کمپنی کو بِالواسطہ حکومت کا حق 1757ء میں جنگِ پلاسی میں حاصل ہوا ، جب اس نے بنگال کے نواب کی قوتوں کو شکست دی۔ اور 1764ء میں اس نے بکسر کی فیصلہ کُن جنگ لڑی۔ ان فتوحات نے مغل شہنشاہ ، شاہ عالم دوم، کو بنگال، بِہار اور اڑیسہ میں کمپنی کیجانب سے آمدنی جمع کرنے والے (Revenue collector) مقرر کرنے پر مجبور کر دیا۔کچھ سالوں میں کمپنی نے برصغیر کے اور بھی زیادہ علاقوں پر حکومت حاصل کر لی۔ کمپنی انتظامیہ پر زیادہ تسلط رکھتے ہوئے برطانوی حکومت نے کمپنی کے معاملات میں اپنا کردار ادا کرنا شروع کر دیا اور بالآخر 1858ء میں باضابطہ طور پر کمپنی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
Bajwa, Farooq N. "The Rise of Muslim Nationalism." Pakistan: A Historical and Contemporary Look. Revised ed. Karachi: Oxford UP, 2002.
Lal, Vinay. "East India Company." Manas: History and Politics. UCLA, 2008.
Marshall, Peter. "The British Presence in India in the 18th Century." BBC History. BBC, 2011.
“The British in South Asia.” Victoria & Albert Museum.
BBC Radio: This Sceptred Isle (A 90 part history of the British Empire) – Episode 12: The Spice Trade & Episode 24: Trading with India