سندھ کی ایک مشہور لوک کہانی جسے شاہ عبدالطیف بھٹائی نے منظوم کیا۔
Sassi and Punnuسندھ کی ایک مشہور لوک داستان سندھی لڑکی ، سسی، اور اس کے بلوچی شوہر، پنوں، کی المناک محبت کی کہانی بیان کرتی ہے۔ اس کہانی کا تعلق کراچی کے مشرق میں واقع ضلع ٹھٹھہ کے قدیم شہر بھمبھور اور جزوی طور پر بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر واقع کیچ مکران سے ہے۔
شاہ عبدالطیف بھٹائی نے شاعری کی شکل میں اس کہانی کو منظوم کیا۔ اس کے متعدد ورژن کو سندھ ادبی بورڈ کی جانب سے اکٹھا کر کے مرتب کیا گیا ہے۔
ایک زمانہ پہلے قدیم شہر بھمبھور کے ایک برہمن خاندان میں ایک لڑکی پیدا ہوئی۔ اس کی پیدائش پر یہ پیش گوئی کی گئی کہ وہ کسی دوسرے عقیدے کے شخص کی محبت میں بہت سی تکلیفیں جھیلے گی۔ باپ نے اپنے خاندان کی رسوائی کےڈر سے، بچی کو ایک لکڑی کے صندوق میں ڈالا اور دریائے سندھ میں بہا دیا۔ محمد نامی ایک مسلمان دھوبی کو یہ صندوق ملا اور وہ اس میں ایک بچی کو دیکھ کر بہت خوش ہوا۔ بے اولاد اور بڑھاپے کے قریب دھوبی اسے اپنے گھر اپنی بیوی کے پاس لے گیا۔ انہوں نے اپنی نئی بیٹی کا نام سسی رکھا جس کا مطلب تھا چاند چہرا۔ جب سیب جوان ہوئی وہ بھمبھور کے چاند کے نام سے مشہور ہو گئی اور اس کی خوبصورتی اور دلکشی کے قصے دور دراز کے علاقوں تک پھیل گئے۔
ہزاروں میل دور، کیچ مکران میں ایک بلوچی سردار رہتا تھا جس کے چار بیٹے تھے۔ اس کا سب سے چھوٹا بیٹا، پنوں، ایک طاقتور اور شہ زور مرد تھا، اور اپنے بھائیوں میں سب سے زیادہ خوبرو بھی۔ جب سسی کے قصے اس تک پہنچے تو اس نے سسی سے ملنے کا تہیہ کر لیا۔ وہ بھمبھور پہنچا اور خود کو ایک مشک بیچنے والے کے طور پر ظاہر کروایا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ، اس کی شہرت پھیل گئی۔ ایک دن سسی بھی اس سے مشک خریدنے کے لیے آئی۔ انہیں محبت ہو گئی اور انہوں نے ایک دوسرے سے وفاداری کے وعدے کیے۔
جب محمد کو پتہ چلا، وہ سسی کے لیے خوفزدہ ہو گیا۔ بہت سے جوانوں نے سسی کا ہاتھ مانگا تھا لیکن سسی نے ان سب کو انکار کر دیا تھا۔ تاہم ہچکچاتے ہوئے، محمد بالآخر اس شادی کے لیے مان گیا لیکن اس شرط پر کہ پنوں ایک دھوبی بن جائے۔ خوشی سے بے قابو ہوتے ہوئے، پنوں نے شرط کو پورا کیا، اگرچہ وہ اس کام کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا تھا۔ بہت سے حادثات رونما ہوئے، لیکن سسی اور اس کی سہیلیوں نے اس کی مدد کی۔ اس بات سے مطمئن ہوتے ہوئے کہ نئے دھوبی کے بارے میں کوئی شکایت سننے میں نہیں آئی، محمد نے سسی اور پنوں کو شادی کرنے کی اجازت دے دی۔ وہ ایک دوسرے کے ساتھ خوش اور وفادار تھے۔
جب سسی اور پنوں کے قصے کیچ مکران تک پہنچے، پنوں کے باپ نے اپنے تین بیٹوں کو بھیجا کہ وہ پنوں کو واپس لے کر آئیں۔ بھائیوں نے نئے جوڑے کو مبارکباد دی اور انہیں تحائف پیش کئے۔ سسی اور پنوں نے بھائیوں کو ایک دعوت دی اور یہ رات دیر تک جاری رہی۔ بھائیوں نے پنوں کو ایک مشروب پیش کیا جس میں اسے بیہوش کرنے والی دوا شامل تھی، پنوں اس سے انجان تھا۔ جب وہ گہری نیند میں چلا گیا، بھائی اسے اُٹھا کر لے گئے۔ جب سسی جاگی، اس نے دیکھا کہ پنوں جا چکا ہے اور گمان کیا کہ بھائیوں نے ان کے ساتھ ایک چال چلی ہے۔
اداس اور تنہا، سسی پنوں کو بھُلا نہ سکی۔ بالآخر، اپنے والدین اور سہیلیوں کے مشورے کے خلاف، اس نے کیچ مکران کا سفر شروع کیا۔ اس نے پنوں کا نام پُکارتے ہوئے ریگستان میں ننگے پاؤں سفر کیا۔ اتفاق سے اس نے ایک جھونپڑی دیکھی اور اس میں رہنے والوں سے پانی مانگنے کا فیصلہ کیا۔ وہاں رہنے والا گڈریا سسی کی خوبصورتی سے اتنا متاثر ہوا کہ اس نے سسی کو اپنے ساتھ رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ سسی جتنا تیز بھاگ سکتی تھی بھاگی یہاں تک کہ اس کے دل نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ گڈریے نے اس کو دفنایا اور اس کی قبر کا خدمت گار بن کر بیٹھ گیا۔
اسی درانیے میں، پنوں نیند سے جاگنے پر بھمبھور کی جانب واپس بھاگا، اور اگرچہ اس کے بھائیوں نے اسے روکنے کی کوشش کی، اس نے کسی چیز کی پروا نہ کی۔ چلتے ہوئے، وہ سسی کا نام پکارتا رہا۔ اتفاق سے وہ سسی کی قبر پر پہنچا اور اس کی موت کا پتہ چلنے پر ، وہ بھی بے جان ہو کر گر گیا۔ گڈریے نے اسے سسی کی قبر کے ساتھ دفنا دیا۔ ان کی قبریں آج بھی کراچی سے چالیس میل کے فاصلے پر کیچ مکران کے راستے پر، سسی وارو چاہرو کے نام سے مشہور مقام پر واقع ہیں۔
Baloch, N.A. Sindh: Studies Cultural. Jamshoro: Pakistan Study Center, University of Sindh, 2004.
Burton, Richard F. Sindh, and the Races that Inhabit the Valley of the Indus. Lahore: Khan Publishers, 1976.
Quddus, Syed Abdul. Sindh: The Land of Indus Civilization. Karachi: Royal Book Company, 1992.